
خواتیندوکامضرورکرلیں
جو مسلمان خواتین کامیابی چاہتی ہیں… کامیاب زندگی اور کامیاب آخرت… وہ دو کام ضرور کر لیں…
پہلا یہ کہ نماز ہمیشہ اول وقت ادا کریں… اپنے پاس اوقات نماز کا نقشہ رکھیں، جیسے ہی وقت داخل ہو فوراً
’’اللہ اکبر‘‘… آپ یقین کریں کہ اس عمل کی برکت سے آپ کی زندگی بدل جائے گی… اس عمل کے فوائد اور فضائل لکھوں تو آج کا پورا کالم اسی میں لگ جائے گا…
خود سوچیں کہ جب نماز کا وقت داخل ہوتا ہے تو فرمایا جاتا ہے… اٹھ میری بندی میرے لئے نماز قائم کر… اب جو پہلی آواز پر ہی دوڑ کر حاضر ہو جائے… اس کا مقام کتنا اونچا ہو گا؟…
جو بیوی خاوند کی پہلی آواز پر دوڑتی چلی آئے وہ خاوند کا دل جیت لیتی ہے… نماز کی آواز نماز کا وقت داخل ہوتے ہی آنا شروع ہوتی ہے… اور نماز کا وقت ختم ہونے تک آتی رہتی ہے… جن کو اپنے محبوب رب تعالیٰ سے سچی محبت ہے وہ تو پہلی آواز پر ہی بے تاب ہو کر دوڑتے ہیں… اور پھر وہ اپنے رب کی خاص نعمتوں کو پا لیتے ہیں…
عزیز بہنو! آپ کے پاس بہت علم ہو مگر نماز میں سستی ہو تو یہ علم بھی وبال بن جائے گا… نماز میں اللہ تعالیٰ کی مدد ہے… اس مدد کو آپ ساتھ لیں گی تو کس کی مجال ہے کہ آپ کی ناقدری کرے… آپ کو ستائے…
فجر کا وقت داخل ہوا ’’اللہ اکبر‘‘ عصر کا وقت داخل ہوا ’’اللہ اکبر‘‘… یہ وہ دو نمازیں ہیں جو خواتین کا امتحان ہیں کہ… انہیں اللہ تعالیٰ سے کتنی محبت ہے…
جب فجر میں سستی ہوتی ہے تو چہرے بے نور ہو جاتے ہیں…
اور جب عصر میں سستی ہوتی ہے تو ہر مصیبت لپک کر آتی ہے…
خالص اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے اپنی نمازوں کا معاملہ ٹھیک کر لیں … آپ کا ہر مسئلہ ان شاء اللہ ٹھیک ہو جائے گا…
نماز کے لئے بہترین اور پاکیزہ کپڑوں کا جوڑا…
نماز کے لئے اچھی سے اچھی خوشبو…
نماز کے لئے بہترین مسواک…
نماز کے لئے سفید عمدہ جائے نماز…
نماز کے لئے توجہ سے کیا ہوا وضو…
سبحان اللہ! اللہ تعالیٰ کی بندی اپنے رب تعالیٰ کے ساتھ بندگی کا عہد وفا کرنے کے لئے اول وقت حاضر…
اور پھر اطمینان سے پوری نماز اور آخر میں دل کی توجہ سے دعاء…
یاد رکھیں! اسی سے آپ کی دنیا اور آخرت کے مسائل حل ہوں گے…
نماز کا اہتمام کیے بغیر تعویذوں، گنڈوں، دھاگوں، دوائیوں، چالاکیوں سے کوئی کام نہیں بنتا… بالکل نہیں بنتا بلکہ الٹا پریشانیاں بڑھتی ہیں…
دوسرا کام یہ کہ… اپنا پردہ مضبوط کر لیں… نہ کسی غیر محرم کو دیکھیں اور نہ خود کو کسی غیر محرم کے سامنے لائیں… برقع فیشن والا بالکل نہ پہنیں… ایسے برقع کا کیا فائدہ جو غلیظ اور ناپاک نظروں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہو… ایمان والی عورت جب بازار سے برقع منگواتی ہے تو پہن کر اپنی بہنوں اور سہیلیوں سے پوچھتی ہے کہ… یہ مجھے کیسا لگ رہا ہے؟… اگر وہ کہیں کہ بہت اچھا بہت خوب صورت… تو فوراً وہ برقع واپس کر دیتی ہے کہ یہ تو خود کو چھپانے کے لئے پہنا جاتا ہے نہ کہ خود کو دکھانے کے لئے…
تنگ اور چست کپڑے ہرگز نہ پہنیں اور پردے کو اپنے لئے رحمت سمجھیں…


